02:13 , 23 جون 2026
Watch Live

جے ڈی وینس: ایران نیوکلیئر پروگرام چھوڑ دے تو امریکا نئے تعلقات قائم کرے گا

جے ڈی وینس

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ اگر ایران کی قیادت علاقائی عدم استحکام پیدا کرنے والی پالیسیوں اور اپنے نیوکلیئر پروگرام سے دستبردار ہو جائے تو امریکا ایران کے ساتھ نئے سرے سے تعلقات قائم کرنے کے لیے تیار ہے۔

سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کی ثالثی میں شروع ہونے والے ایران امریکا مذاکرات کے موقع پر جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا سفارتکاری کے ذریعے مشرق وسطیٰ میں مثبت تبدیلی لانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا ایک ایسے مستقبل کا خواہاں ہے جہاں پورے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی ہو، اور تمام ممالک بہتر تعلقات کے ساتھ ترقی کی جانب بڑھیں۔

جے ڈی وینس کے مطابق ایرانی نیوکلیئر پروگرام کے خاتمے کے بعد اب اگلے مرحلے کی جانب بڑھنے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ڈائیلاگ سے پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا کہ ایران اور امریکا نے اعلیٰ سطح پر اس نوعیت کے مذاکرات کیے ہوں۔

امریکی نائب صدر نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئی شروعات کی ہدایت دی ہے اور زور دیا ہے کہ ایرانی عوام کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنایا جائے تاکہ بحران کے خاتمے اور امن کے نئے دور کا آغاز ہو سکے۔

دوسری جانب جے ڈی وینس نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اگر فیلڈ مارشل کی حکمت عملی نہ ہوتی تو شاید یہ مذاکرات ممکن نہ ہوتے۔

انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ایک عظیم عسکری رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود کو ایک بہترین سفارتکار کے طور پر بھی ثابت کیا ہے، جس نے مذاکرات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION